Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

مسائل احتجاج نہیں مذاکرات سے حل ہوتے ہیں


Problems are resolved not through protests
  • ARTICLES    |    10 February 2020

بحریہ ٹاءون کراچی کی نئی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس( ڈیفکلیریا ) نے اس کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ 21جنوری کو بحریہ آئیکون کلفٹن کے سامنے ڈیفکلیریا کے زیر اہتمام ایک بڑا مظاہرہ ہوا جس میں ڈیفکلیریا کی قیادت، ممبران ، دیگر ریئل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں ، سیاسی رہنماءوں اور خواتین اوربچوں سمیت بحریہ ٹاءون کے الاٹیز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈیفکلیر یا کے صدرنورابریجو نے خطاب کرتے ہوئے بحریہ ٹاءون کو نئی پالیسی واپس لینے کیلئے 7دن کا الٹی میٹم دیا ۔ انہوں نے احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلانے اور بحریہ ٹاءون کے ڈیلرز کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بحریہ ٹاءون کی نئی پالیسی نے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں ایک ہیجان بپا کردیا ہے ۔ انوسٹرز اور الاٹیز ایک مرتبہ پھر بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہوگئے ہیں ۔ یہ صورتحال کسی بھی طرح ریئل اسٹیٹ بزنس کیلئے نیک شگون نہیں ، مارکیٹ میں پہلے سے مندی کادوردورہ ہے، ایسے میں بحریہ ٹاءون کے بحران سے صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے ۔ یہ درست ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مسائل اور تنازعات ہمیشہ بات چیت اورمذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں نہ کہ احتجاج اور بائیکاٹ سے ۔ لہٰذا بحریہ ٹاءون کی انتظامیہ اور ریئل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ افراد اور ان کی تنظیموں کا بہترین مفاد اس میں ہے کہ ٹھنڈے دماغ کے ساتھ مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالا جائے ۔ مسائل ہمیشہ کچھ لو اورکچھ دو کی بنیاد پر ہی حل ہوتے ہیں ، ہر فریق جب اپنے لئے مثالی حل کی کوشش کرتا ہے تو بات چیت ناکام ہوجاتی ہے ، اس لئے اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں فریق زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کرلچک کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کریں ۔