Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

امدادی پیکیجز اورریئل اسٹیٹ سیکٹر


Support packages and real estate sector
  • ARTICLES    |    08 April 2020

کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے،عالمی معیشت کا دیوالیہ نکل چکا ہے ، دنیا اس عفریت سے نمٹنے میں تاحال کامیاب نظر نہیں آرہی، گوچین نے کافی حد تک صورتحال پر قابو پالیا ہے تاہم مسئلے کا مستقل حل ابھی تک کسی کے پاس نہیں ، یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کی تباہ کاریوں کادائرہ وسیع تر ہوتا جارہاہے، بیشتر ممالک میں لاک ڈاءون ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا ۔ خدا کرے جلد از جلد اس مہک مرض کی ویکسین یا علاج ایجاد ہو تاکہ معمول کی زندگی بحال ہو اور دنیا مزید تباہی اورنقصانات سے محفوظ رہ سکے ۔ صورتحال سے نمٹنے خاص کر معاشی نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کے علاوہ ہر ملک میں بھی مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں بیل آوٹ پیکیجز، قرضوں کی فراہمی اور ٹیکسوں میں کمی شامل ہے ۔ حکومت پاکستان نے بھی اس سلسلے میں مختلف شعبوں کیلئے امدادی پیکیجز اور ٹیکسوں میں کمی لانے کے اعلانات کئے ہیں ۔ جہاں تک ریئل اسٹیٹ کے شعبے کاتعلق ہے تو حکومت کی جانب سے صرف تعمیرات کے شعبے کوریلیف دینے کی بات کی جارہی ہے، حالانکہ تعمیرات ریئل اسٹیٹ سیکٹر کا صرف ایک جز ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے تمام شعبوں کو خصوصی اورغیر معمولی ریلیف دے تاکہ تباہی سے دوچار اس شعبے کو پھر سے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کاموقع ملے ۔ صرف تعمیرات کے شعبے کیلئے ٹیکسوں میں کمی سے پورے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو فائدہ نہیں پہنچے گا، بلکہ اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت جائیداد کی خریدوفروخت کے شعبے کو بھی خصوصی ریلیف دے اور ٹیکسوں میں غیر معمولی کمی کردے، ایسا کرنے سے ہی ریئل اسٹیٹ کے شعبے کوحقیقی ریلیف ملے گا اور مارکیٹ میں برسوں سے جاری مندی ( جس کو،کو رونا نے مزید گمبھیر بنادیا ہے) کا خاتمہ ہوگا ۔ اگرچہ اس وقت سماجی روابط سے منع کیاجارہا ہے لیکن ریئل اسٹیٹ کے مختلف شعبوں سے وابستہ تنظیموں اور ان کی قیادت کو چاہئے کہ وہ متعلقہ حکومتی حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں تاکہ دیگر شعبوں کی طرح اس شعبے کی زبو حالی سے بھی حکومت آگاہ ہو اور اس کیلئے بھی امدادی پیکیج اور ٹیکسوں میں کمی اور قوانین میں نرمی کا اعلان کرے