ٹیکنالوجی کی حالیہ ترقی سے زندگی کا کوئی بھی شعبہ متاثر ہوئے بغیرنہیں رہ سکا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ بزنس میں بھی ٹیکنالوجی کے شعبے میں آنے والی انقلابی تبدیلیوں سے متاثر کن بہتری آئی ہے ۔ وہ دن اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں جب خریدنے یا کرائے کے لئے گھر کا حصول ایک مشکل کام تھا ۔ اب لوگ جہاں بھی ہوں صرف اپنے ا سمارٹ فون سے اپنی پسند کے مطابق پراپرٹی کو شارٹ لسٹ کر سکتے ہیں ۔ ٹیکنالوجی نے اس شعبے میں صرف صارفین کو ہی فوائد نہیں پہنچائے بلکہ اس کی مدد سے اب شہری ترقی میں بھی خاصی مدد مل رہی ہے ۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ٹیکنالوجی کے رئیل اسٹیٹ کی صنعت پر موثر اور دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ سوال صرف یہ ہے کہ کیا لوگ اب ماضی میں استعمال ہونے والے نظام کی جگہ ٹیکنالوجی کی مدد سے تبدیل شدہ اور بہتر نظام کو قبول کریں گے ۔
اعتماد کا سوال کیوں ؟
برسوں سے لوگ پراپرٹی کی خرید و فروخت، کرائے اور سرمایہ کاری کے لئے روایتی طرز پر ہی اعتماد کرتے رہے ہیں ۔ لیکن اب بہت سے آن لائن پراپرٹی پورٹل، اسمارٹ فون یا ویب ایپلی کیشنزسمیت بہت سی دیگر سہولیات بھی منظر عام پر آ چکی ہیں ۔ اس سب نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں خریدار اور فروخت کنندہ کے درمیان رابطے کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ کوئی بھی تبدیلی ابتدائی طور پر اس شعبے سے منسلک افراد کے ذہن کو الجھا بھی دیتی ہے ۔ رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں کوئی بھی کسی بھی پراپرٹی کو صرف آن لائن دیکھ کر اس وقت تک مکمل اعتماد نہیں کر سکتا ہے جب تک کہ وہ اسے حقیقی طور پر خود جا کر نہ دیکھ لے ۔ جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے ۔ اور ایک غلط فیصلہ بڑے مالی یا کسی اور قسم کے نقصان سے دوچار کر سکتا ہے ۔
رئیل اسٹیٹ ٹیکنالوجی پر اعتماد کی وجہ
اس نقطے کا آغاز اس بات سے کرتے ہیں جس کی پہلے بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ رئیل اسٹیٹ کی ٹیکنالوجی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ صارف کو کسی بھی پراپرٹی کو خریدنے سے پہلے اس کی تصدیق کا اختیار حاصل نہیں ہے ۔ حقیقت میں پراپرٹی کی خریدو فروخت یا کرائے پر دینے کے لئے ٹیکنالوجی صرف آسانی پیدا کرتی ہے ۔ آپ کو ایک ہفتے میں دس بے کار پراپرٹیز جا کر دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے، آپ کسی بھی پراپرٹی پورٹل کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق پانچ جگہوں کی نشاندہی کر لیں اور پھر آپ ان پراپرٹیز کو خود جا کر اور دیکھ کر ان کی تصدیق سہل انداز میں کر سکتے ہیں ۔ اس سب سے آپ کو وقت اور پیسوں کی بچت ہو گی ۔ آپ ملک بھر میں ان گنت پراپرٹیز کے حوالے سے ہر طرح کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔ آپ پراپرٹیز کو آسانی کے ساتھ علاقے، سائز اور قیمت کے مطابق الگ الگ ڈھونڈ سکتے ہیں ۔
اعتماد پیدا کرنے کی مزید وجوہات
رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ٹیکنالوجیز دونوں یعنی صارفین اور مالکان کو مثبت فوائد پہنچا رہی ہیں ۔ آئیے دیکھتے ہیں کیسے
انسانی نقطہ نظر
کسی بھی ٹیکنالوجی کا سب سے منفی اثر اس میں سے انسانی عمل دخل کم ہو جانا ہے ۔ لیکن رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں معاملہ اس سے خاصہ مختلف ہے ۔ یہاں پر ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین اور مالکان یا فروخت کنندہ کے مابین مضبوط تعلقات بنائے جاتے ہیں ۔ ہر طرح کے ڈیٹا تک رسائی کی بدولت ایجنٹ یا فروخت کنندہ کو ہر طرح کا اعتماد ہوتا ہے ۔ اسی طرح صارفین کے پاس خرید اری کے حوالے سے ہر طرح کی تصدیق کے لئے مکمل موقع ہوتا ہے ۔ زیادہ ڈیٹا ہونے کا ایک فائدہ صارفین کے لئے آگاہی بھی ہے ۔ جس کی مدد سے رئیل اسٹیٹ کاروبار یا خریداری کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود بے فائدہ سرمایہ کاری سے بچا جا سکتا ہے ۔
فروخت کا بہتر نظام
جائیداد کی خریدو فروخت کا معاہدہ مکمل کرنا آسان کام نہیں ہے ۔ اس میں بہت سے قانونی معاملات کا خیال رکھنا پڑتا ہے ۔ جس میں اہم کاغذات پر دستخط، معائنے اور تشخیص و تصدیق سمیت دیگر کاغذی کارروائی شامل ہے ۔ کاغذات کی آن لائن دستخط کی ایپلی کیشن اور خود بخود ای میل کے ذریعے یہ سب نہ صرف آسان ہو گیا ہے بلکہ وقت کی بھی بچت ممکن ہے ۔
آسان مارکیٹنگ
ماضی میں لوگوں کو برائے فروخت یا کرائے کی جائیداد ڈھونڈنے کے لئے خاصی مشکل کا سامنا ہوتا تھا ۔ ان کے لئے اپنے شہر میں ہی مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں جاننا آسان نہیں تھا ۔ لیکن آن لائن پراپرٹی کے پلیٹ فارمز نے پراپرٹی کے شعبے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں ، برائے فروخت یا کرائے کی جائیداد کی مارکیٹنگ کو آسان بنا کر سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کی ہے ۔ اس کے ذریعے اب فروخت کنندہ کو آسانی ہے کہ وہ اپنی خاص مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے اور اس مارکیٹ میں آنے والی تبدیلیوں اور سروسز تک کی معلومات بھی رکھے ۔
ترقی کے مواقع
مختلف ٹیکنالوجیز ریلٹرز ،ڈویلپرز اور بلڈرز کو یہ سہولت فراہم کرتی ہیں کہ وہ مختلف منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کی حقیقی تصویر اپنی متعلقہ مارکیٹ تک پہنچا سکیں ۔ کسی بھی منصوبے کی بیرونی تعمیرات یا بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت اندرونی صورتحال اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کو ڈرون کیمرہ کے ذریعے بہترین کوالٹی کی تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں پیش کرنا، ورچوئل دورہ اور ڈیٹا شیٹ پیش کرنے جیسی سہولت فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔ اسی طرح ڈویلپرز کو یہ موقع بھی مل گیا ہے کہ وہ کسی بھی منصوبے کی تکمیل سے قبل ہی اس کی تکمیل اور فنشنگ کے بعد کی ممکنہ تصویر بھی اپنے صارف کو دکھا سکتے ہیں ۔ اس سے صارفین کو معلوم ہو سکتا ہے کہ وہ کس طرح کے تکمیل شدہ منصوبے کی امید رکھیں ۔ اس کی ایک مثال کسی بھی پراپرٹی کے اندرونی و بیرونی مناظر اور فلور پلان کی تمام تر تفصیلات پر مشتمل 3 ڈی رینڈرنگ کی صورت میں تصویری یا ویڈیو جھلک ہے ۔
رئیل اسٹیٹ کی ٹیکنالوجیز اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی انٹرنیٹ پر موجود سہولیات اس شعبے سے جڑے افراد کو ڈیٹا کے حصول اور اس کے تجزیے میں سہولت فراہم کرتی ہیں ۔ اس سے ان کو منصوبوں میں بہتری اور جدت لانے میں مدد ملتی ہے ۔ تاکہ منصوبوں اور ان میں پیش کردہ سہولیات کو خریدار کی منشا کے مطابق ترتیب دیا جا سکے ۔ اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ٹیکنالوجی واضح طور پر اس صنعت کو خوشگوار انداز میں تبدیل کر رہی ہے ۔ اور اس سے جڑے تمام افراد کے فوائد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کے لئے ایسی راہ ہموار ہو رہی ہے جو کہ ریئلٹرز، ڈویلپرز اور صارفین کے لئے فائدہ مند ہو گی ۔