Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

گھر کی قدر و قیمت کیسے بڑھائی جائے


How to increase the value of a home
  • BLOG    |    20 February 2020

مہنگائی کے اس دور میں گھر خریدنا جتنا مشکل ہے اتنا ہی پرانے گھرکوفروخت کرنا،اگرچہ گھر کی خریداری آپ کے بجٹ پر منحصرہے لیکن فروخت آپ کی محنت اور سمجھ بوجھ پر ۔ جی ہاں !گھر بیچنے سے قبل اگر تھوڑی سی محنت اور سمجھ داری سے کام لیا جائے تو اس کی قدروقیمت بڑھائی جاسکتی ہے ۔ گھر فروخت کرنے سے قبل اُن عوامل پر غور کریں ، جس کے ذریعے آپ گھر خریدنے والے کو متاثر کرسکیں ۔ مثلاً گھر بیچنے سے پہلے گھر خریدنے والے کی نفسیات سے متعلق سوچیں اور فیصلہ کریں کہ اگر یہی گھر آپ اپنے لئے خریدتے تو کیا ضروری چیزیں دیکھنا چاہتے;238; اگر آپ اب بھی نہیں سمجھیں تو مندرجہ ذیل تجاویز آپ کے گھر کی قدروقیمت بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں ۔

گھر کا بیرونی حصہ

گھر کا بیرونی حصہ وہ جگہ ہے جہاں خریدار کی نگاہ سب سے پہلے پڑتی ہے ۔ سب سے پہلے اس حصے پر غور کریں کہیں آپ کے گھر کا بیرونی حصہ بدنما، جگہ جگہ سے رنگ و روغن ہٹا ہوا یا سیلن زدہ تو نہیں ہے یا پھر کہیں وائرنگ کے تاریونہی تو نہیں لٹک رہے ۔ یہ سب وہ عوامل ہیں جو خوبصورت سے خوبصورت گھر کی قدروقیمت بھی کم کردیتے ہیں ۔ انٹرنیشنل رینوویشن کنسلٹنٹ بروس ارونگ کے مطابق گھر کی بیرونی عمارت پر رنگ وروغن کسی بھی گھر کی قدروقیمت بڑھانے کے لیے پہلی ترجیح ہے لیکن اگر آپ کا بجٹ اجازت نہیں دیتا تو آپ داخلی راستے مثلاً وہ حصہ جہاں مہمانوں کی گاڑی رکے اور گھر پر پہلی نظر پڑے، اس حصے پر رنگ وروغن کروائیں ،رنگ وروغن کے علاوہ خوبصورت کیاریوں میں لگے پھول اور گملے بھی بیرونی حصے کا حسن بڑھانے کے لیے کافی ہیں ۔

کچن،مناسب تبدیلی کے ساتھ

انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق گھر میں موجود دو جگہوں پر مناسب تبدیلی اور تزئین نو سے گھر کی قیمت میں 7فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے، ان دو جگہوں میں ماہرین کچن اور باتھ روم کا انتخاب کرتے ہیں ۔ کچن گھر کا اہم حصہ ہے، اگرچہ گھر کو نیا انداز دینے کے لیے کچن کی مکمل تزئین نو آپ کے بجٹ سے باہر ہوسکتی ہے لیکن تھوڑی سی تبدیلی ضرور کی جاسکتی ہے، جو یقیناً آپ کے بجٹ سے بھی باہر نہیں جائےگی ۔ مثلاًکچن میں سامان نکالنے یا رکھنے کیلئے کیبنٹ یا درازیں سب سے زیادہ استعمال میں آتی ہیں ۔ ان کے ہینڈل زیادہ استعمال کے باعث جلدی پرانے ہوجاتے ہیں چنانچہ کیبنٹ اور درازوں کے ہینڈل تبدیل کروائے جائیں ۔ کچن میں موجودسنک کانل اگر پرانا ہوگیا ہے تو اسے بھی تبدیل کروادیں ۔ کچن کا فرش اگر بوسیدہ سا لگ رہا ہے تو آپ کچن میں رگس،قالین اور کارپٹ ڈالنے پر بھی غور کرسکتے ہیں ۔

باتھ روم میں مناسب تبدیلی

گھر کی فروخت سے قبل کچن کی طرح باتھ روم کو بھی خاص اہمیت دی جاسکتی ہے ۔ باتھ روم اگر ٹوٹا پھوٹا ہو توکسی بھی کمرے کا حسن خراب کرسکتاہے چنانچہ بجٹ میں رہتے ہوئے کچھ تبدیلی یہاں کے لیے بھی سوچیں ۔ مثلاً باتھ روم کی تمام دیواروں پر ٹائل لگانا آپ کو خاصا مہنگا پڑسکتا ہے، تو کیوں نہ کسی ایک دیوار کے ٹائل ہی تبدیل کروالیے جائیں ۔ یا پھر وہ دیواریں جہاں آدھے حصے پر ٹائلوں کو لگایا گیا ہے، وہاں پوری دیوار پر ٹائل لگا دیے جائیں ۔ یہی نہیں باتھ روم میں سینٹری سامان بدلنے سے بھی بہترین تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔

دروازے اور کھڑکیوں پر توجہ دیں

اگر آپ کے گھر کے بیرونی دروازے کی حالت اتنی اچھی نہیں رہی، تو اور کچھ بھی کرنے سے پہلے اسے سنوار نے کا سوچیں ۔ ایک نیا پینٹ اور کچھ روایتی لوازمات لوگوں کو فوراً سے آپ کے گھر کو اپنا گھر سمجھنے پر مجبور کر دیں گے، جیسا کہ نئے ہینڈلز لگانے کے بارے میں ضرور سوچیں ۔ کھڑکیوں کے لیے بھی یہی تجویز کارگر ثابت ہوگی، کھڑکیوں کا رنگ وروغن اور ہینڈلز تبدیل کروائیں ۔

گیراج یا باغ کا انتخاب کریں

گھر کا وہ حصہ جو کسی کام میں نہیں آتا مثلاً اگر آپ کو لگتا ہے کہ گھر میں موجود صحن فالتو سامان سے بھرا ہوا ہے تو وہاں کی صفائی کرواکے اسے خوبصوت باغ میں تبدیل کردیں ، یہ ایک سستا انتخاب ہے ۔ جگہ جگہ بکھرے گملے،کچھ گھاس اور ہینگنگ پلانٹس آپ کے گھر کی قدروقیمت میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔ اگر اس عرصے کے دوران آپ کے باغ کا حسن گہنا گیا ہے تو باغ کو گیراج میں تبدیل کرنے کا سوچیں ۔ گھر میں گیراج کا ہونا بلا شبہ ایک اہم ضرورت ہے اور عملی طور پر لوگ گھر میں اس کے لیے جگہ چاہتے ہیں ۔ چاہے آپ شہری علاقے میں رہتے ہوں یا دیہی، سڑک سے علیحدہ پارکنگ ایریا ہونانہایت ضروری ہے، کبھی بھی اس رقم کو مت بھولیں جو ممکنہ گاہک ایک ذاتی پارکنگ مہیا کرنے والے گھر پر صرف کرنے کے لیے تیار ہوگا ۔