2020ء کیلئے پائیدار ترقی اور مستحکم فن تعمیر کے عزم و ارادے میں ایک چیز مشترک ہے، وہ ہے ماحولیاتی وابستگی اور ماحول دوست مکانات ۔ اس ضمن میں تعمیراتی مواد کے طور پر لکڑی اور سنگ مرمر کا استعمال بڑھ رہا ہے جبکہ ایسے تعمیراتی ڈیزائن بنانے پر زور دیا جارہا ہے جس میں چہار اطراف ہوا کا گزر ممکن ہو ۔ بیرونی و اندرونی زیبائش میں درخت، پودوں اور گھاس کو نمایاں اہمیت دی جارہی ہے ۔ اب فطرت کے ساتھ وابستگی پیدا کرتے تعمیراتی ڈیزائن میں ہوم گارڈن کو لازمی جزو قرار دیا جاتا ہے ۔
محدود رقبے پربھی تعمیراتی ڈیزائن کا بنیادی ڈھانچہ جیو میٹریکل اشکال پر مبنی ہوتا ہے، جس میں تکون اور مثلث کو صف اوّل پر رکھا جارہا ہے ۔ مزید برآں تعمیراتی ڈیزائن میں ری فیب آرکیٹیکچر کو اولیت دی جارہی ہے، جس کے تحت کسی بھی مکان کی جزئیات الگ جگہ تعمیر کرکے اسے عمارتی ڈھانچے میں نصب کرنے کا فن پروان چڑھ رہا ہے ۔ قارئین کی معلومات کیلئے اہم تعمیراتی ڈیزائن اور اندرونی آرائش و زیبائش کی تفصیل بیان کی جارہی ہے، جن پرآجکل خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔
ہاءوسنگ آرکیٹیکچر میں انڈسٹریل اسٹائل
انڈسٹریل اسٹائل کی وضاحت رہائشی عمارات اور دیگر شہری انفرا اسٹرکچر میں غیرمتناسب شکلوں سے کی جاسکتی ہے، جس میں لوہے، لکڑی، المونیم اور ری سائیکل پلاسٹک استعمال کرکے تعمیراتی اخراجات میں کمی کی جاتی ہے ۔ سادہ لکیریں صنعتی طرز تعمیرات کی اہم خصوصیات ہیں ۔ اس میں دیوار کے ساتھ المونیم اور لکڑی کے فریم ایک دوسرے کے اوپر اس انداز سے جوڑے جاتے ہیں کہ کمرے اور ہال کی کشادگی متاثر نہ ہو اور وہ گیراج یا فیکٹری کا سماں باندھنے کے ساتھ باوقار ماضی کی کتھئی و سرمئی رنگت کا ماحول بھی پیدا کرے ۔
کھلی،کثیر المقاصد جگہیں
گھر کے مختلف حصوں کو متناسب اور ایک دوسرے سے منسلک پارٹیشنز سے کشادہ رکھنے کا تعمیراتی ڈیزائن مقبولیت پارہا ہے ۔ ایک دوسرے سے منسلک کمروں میں پارٹیشنز کے ذریعے بہت سی عملی جگہیں ڈیک کی صورت بنائی جاسکتی ہیں ۔ ایک ہی کمرے میں ڈیکس لگاکر آپ کمرے کے اندر اپنا خفیہ گوشہ بنا سکتے ہیں ، جہاں شورو غل سے بچ کر آپ آرام یا مطالعہ کرپائیں گے ۔ ڈیکس ڈیزائن پر مبنی تعمیرات نے یہ خواب ممکن کر دکھایا ہے کہ آپ المونیم اور لکڑی کے فنکارانہ طرزِ تعمیر سے اپنے لئے کئی کھلی جگہیں بناسکتے ہیں ۔
کچن اور باتھ روم پر بڑھتی توجہ
ایک زمانہ تھا کہ جب لوگوں کی ساری توجہ لیونگ روم، ڈرائنگ روم اور بیڈ روم کی تزئین و آرائش تک محدود تھی ۔ مگر اب کشادہ و آرام دہ کچن اور باتھ روم کی تعمیر بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے ۔ خواتین کا زیادہ تر وقت کچن میں ہی گزرتا ہے، لہٰذا اس میں کشادگی کے ساتھ تمام سہولتیں دستیاب ہونی چاہئیں جبکہ باتھ روم کا تعمیراتی ڈیزائن بھی سہولتوں سے آراستہ ہونا ضروری ہے کہ آپ دن بھر کی تھکن سے نجات حاصل کرکے مسرت سے سرشار ہوسکیں ۔
شور میں کمی اور زیادہ روشنی
شور ایک آلودگی ہے، جس سے ہم اپنے گھر کے اندر اور باہر پریشان ہوتے ہیں ، اسی لئے زیادہ تر آرکیٹیکچرل ڈیزائن پروجیکٹس اس پریشانی کو کم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ اس مقصد کیلئے ایسا تعمیراتی مواد استعمال کیا جارہا ہے جو عمارتوں کے اندر شور کو کم کرکے کمرے کو ساءونڈ پروف بنادے ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ قدرتی روشنی کا بھی خاطر خواہ انتظام ہونا چاہئے ۔ اس کیلئے ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی تیار کی گئی ہے،جہاں عمارتیں سورج سے حاصل ہونے والی قدرتی روشنی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعی روشنی کو مربوط کرتی ہیں ۔ اس طرز تعمیر میں ساءونڈ پروف گلیزڈ مررز اور فرنیچر کے درمیان پوشیدہ اسپاٹ لاءٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ بالواسطہ گرم روشنی کی صورت میں کمرے میں گرمائش نہ ہو ۔ ایسے مکانات کے تعمیراتی ڈیزائن میں چھتوں کو بلند رکھتے ہوئے المونیم کھڑکیاں اور شیشے اہم تعمیراتی مواد کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں ۔ ساتھ ہی مکینوں کا اندرونی آرائش و زیبائش کا شوق اس میں چار چاند لگا دیتا ہے ۔
فطرت دوست گھر
غیر فعال، فطرت دوست گھر (Passive Houses)کی اصطلاح ایسے فن تعمیرات کے رجحان کے طور پر ابھری ہے، جس میں اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ مکان کا ماحول کے ساتھ تعلق کس طرح بہتر بنایا جائے ۔ یہ تعمیراتی فلسفہ حیات کا نیا پیراہن ہے ۔ ان مکانات میں تعمیراتی ڈیزائن کا بنیادی مقصددستیاب وسائل سے توانائی کی زیادہ سے زیادہ بچت ہے ۔ اس طرح یہ فطرت دوست مکانات رہنے والوں کی صحت اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ہوتے ہیں ۔
ہوم آٹو میشن اور اسمارٹ ہومز
جدیدفنِ تعمیر میں ماحول دوست عمارات اور معیاری مواد استعمال کرنے پر زور دیا جاتا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ گھروں کے تعمیراتی ڈیزائن میں درجہ حرارت، روشنی یا حفاظتی انتظامات کو کنٹرول کرنے کے لئے آپ کے اسمارٹ فون سے منسلک اسمارٹ لاک،سی سی ٹی وی کیمرہ اور تھرمواسٹیٹ کی تنصیب لازمی جزو بن گئی ہے، تاکہ آپ راہ چلتے یا دفتر میں بیٹھے اپنے اسمارٹ ہوم کی خیر خبر لے سکیں ۔ ا سمارٹ عمارت اپنے مکینوں کو زیادہ سے زیادہ راحت فراہم کرنے کے ساتھ بجلی کے بلوں میں کمی کا باعث بھی بنتی ہے ۔