مکان کی تعمیر نو یا تزئین و آرائش پر کی جانے والی سرمایہ کاری ایک دانشمندانہ اقدام تصور کی جاتی ہے ۔ لیکن ہم میں سے زیادہ تر لوگ ایسا صرف ضرورت کے تحت یا اپنے مکان کی خوبصورتی بڑھانے یا دوسروں کواپنے جمالیاتی ذوق سے متاثر کرنے کی خاطر کرتے ہیں ۔ عموماً تعمیر نو کا عمل گھر میں ایک آدھ کمرے کے اضافے تک محدود ہوجاتاہے ۔
تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کی تزئین و آرائش کا مقصد اس کی خوبصورتی بڑھانے یا اضافی جگہ کے حصول سے زیادہ مکان کی قیمت (پراپرٹی ویلیو) میں اضافہ ہونا چاہیے کیونکہ یہ عمل مستقبل قریب میں گھر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ اس کی مالیت بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ مکان کی قیمت میں اضافے کی غرض سے تزئین و آرائش کے دوران کن عوامل کو مدِنظر رکھنا چاہیے تو آج کا مضمون اس حوالے سے مفید معلومات سمیٹے ہوئے ہے ۔
بیسمنٹ میں تبدیلی
پراپرٹی کے حوالے سے ایک مشہور بین الاقوامی ویب ساءٹ کی جانب سے جاری تعمیراتی گائیڈ کے مطابق مکان کی فروخت سے قبل بیسمنٹ میں کی جانے والی ہلکی پھلکی تبدیلی، اس کی قیمت میں 30فیصد اضافے کا سبب بنتی ہے ۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ بیسمنٹ کی اسکوائر فٹ تعمیراتی لاگت اس علاقے کی اسکوائر فٹ لاگت سے کم ہو ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ مکان کی تزئین نو کے دوران بیسمنٹ کوگھر کے تمام حصوں میں سب سے کم اہمیت حاصل دی جاتی ہے ۔
چنانچہ آپ اپنے مکان کی قدر میں اضافے کی خاطر تزئین نو کے دوران دانشمندانہ فیصلے کریں ۔ اگر آپ بیسمنٹ میں تبدیلی لانے کے لیے اسٹرکچر میں ردوبدل کرنے کے خواہشمند ہیں تو اس بارے میں تعمیراتی ماہرین سے لازمی مشورہ کریں کیونکہ کھدائی سے لے کراسٹرکچرل انجینئرنگ اور واٹر پروفنگ تک آپ کو ایک ماہر کی مدد درکار ہوگی ۔ لہٰذا ایک ایسی پروفیشنل ٹیم کی مدد حاصل کریں جو آپ کو بہتر حل تجویز کرے اور آپ مستقبل میں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچ جائیں ۔
لیونگ ایریا میں تبدیلی
کچھ لوگ مختلف وجوہات کی بنا پر گھر میں گیراج کو گاڑی کھڑی کرنے کے لیے استعمال نہیں کرتے رہے ۔ ایسی صورت میں اسے لیونگ ایریا کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ایک ریسرچ کے مطابق گیراج کی لیونگ ایریا میں تبدیلی مکان کی قدر وقیمت میں 15فیصد اضافہ کا باعث بن سکتی ہے ۔ ماہرین کے مطابق یہ مشورہ اس وقت اور زیادہ اہمیت اختیار کرجاتا ہے جب کار پارکنگ کے لئے آپ کے پاس متبادل ایریا موجود ہو ۔ گیراج کی لیونگ ایریا میں تبدیلی کیلئے یہ دیکھنا ہوگا کہ گیراج میں کس قسم کی تبدیلی مناسب رہے گی مثلاًگیراج میں نکاسی آب، بجلی کی وائرنگ، دیوار یا چھتیں اس قابل بھی ہیں کہ وہ لیونگ ایریا میں تبدیلی کا بوجھ برداشت کرسکیں ۔
کچن میں تبدیلی
ماہرین کے مطابق کچن میں تبدیلی لاکر یا دانشمندانہ طریقے سے جگہوں کا اضافہ کرکے مکان کی قیمت میں 15فیصد اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ اکثر گھروں میں کچن سے متصل ایک تنگ گلی بیکار سی محسوس ہوتی ہے، جسے مکین عموماً بیرونی حصے میں آنے جانے کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔ اگر آپ کے مکان میں بھی ایسی ہی کوئی گلی موجود ہے تو اسے قیمتی جان کر کچن کو توسیع دیں یا اسے کچن کا حصہ بنانے کے لیے سلائیڈنگ ڈور لگائیں ۔ کچن سے متصل اس جگہ پر چند کرسیاں اور ایک چھوٹی میزرکھ کر آپ اسے چھوٹا سا ڈائننگ ایریا بنا سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ذیل میں درج باتوں پر بھی عمل کرنا ضروری ہے ۔
* کچن میں سامان رکھنے کیلئے کیبنٹس یا درازیں استعمال میں آتی ہیں ۔ زیادہ استعمال کے باعث ان کے ہینڈل جلدی پرانے ہوجاتے ہیں ، چنانچہ ان کے ہینڈل لازمی تبدیل کروائے جائیں ۔ اگر بجٹ اجازت دے تو کچن کیبنٹس پر رنگ وروغن کروائیں ، اس کے ذریعے بھی کچن کا لُک تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔
* کچن میں موجودسنک کانل اگر پرانا ہوگیا ہے تو اسے بھی تبدیل کروادیں ۔ کچن کا فرش اگر بوسیدہ سا لگ رہا ہے تو کچن میں رگس یا پلاسٹک بچھانے پر بھی غورکیاجاسکتا ہے ۔
بیڈروم میں تبدیلی
بیڈروم وہ جگہ ہے جہاں کوئی بھی شخص ایک مصروفیت بھرا دن گزارنے کے بعد پرسکون لمحات اور آرام کی غرض سے رُخ کرتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بیڈروم کی تعمیر نو یا تزئین و آرائش خاص توجہ اور احتیاط کی متقاضی ہوتی ہے ۔ پراپرٹی ماہرین کے مطابق مکان فروخت کرنے سے قبل بیڈروم کو درست کرنے پر کی گئی سرمایہ کاری اس کی قیمت میں 10فیصد اضافے کا باعث بنتی ہے ۔ ماہرین بیڈروم میں فارسیلنگ اور دیواروں
کی سجاوٹ کا مشورہ دیتے ہیں ۔
* بیڈروم میں فارسیلنگ کے لیے ایسی مصنوعی چھتو ں کا انتخاب کیجیے جو آپ کے بجٹ پر گراں بھی نہ گزریں ، ساتھ ہی بیڈروم کے لیے بہترین اضافہ ثابت ہوں مثلاً گلاس یا ووڈ سیلنگ کے بجائے فلورل یا وال پیپر سیلنگ کا انتخاب متاثر کن رہے گا ۔
* بیڈروم یا گھر کے دیگر کمروں کی تمام دیواروں کا رنگ و روغن تبدیل کرنے کے بجائے کسی ایک دیوار کا رنگ وروغن تبدیل کرنے سے گھرکی خوبصورتی بڑھائی جاسکتی ہے ۔
بیرونی حصے میں تبدیلی
گھر کا خوبصورت بیرونی حصہ یا لینڈ اسکیپنگ آپ کے گھر کی قدروقیمت 10فیصد تک بڑھا سکتا ہے ۔ لہٰذا مکان فروخت کرنے سے قبل باغیچے کی تزئین پرتوجہ دیں اور اس میں کچھ ضروری تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں مثلاً پھل، پھول، درختوں اور سبزیوں کے قطعے بنانا، پلے ایریا کا اضافہ، سٹنگ ایریا وغیرہ کا انتظام کرنا ۔ دوسری جانب پورچ ایریا میں سن روم کی تعمیر کے ذریعے بھی گھر کے بیرونی حصے کی شکل تبدیل کی جاسکتی ہے ۔
دہرے مقاصد والا فرنیچر
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کیلئے ایسے فرنیچر کا انتخاب کیجیے جس کو ایک کے بجائے دہرے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے ۔ اس حوالے سے چند مثالیں پیش کی جارہی ہیں ۔