Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

مندی کی اصل وجہ قانون فطرت کاحرکت میں آنا ہے


The main reason for the downturn is the influence of law on nature
  • NEWS & REVIEWS    |    19 December 2019

قیمتیں مصنوعی طورپر بہت بڑھ گئی ہیں ، جب تک اصلی سطح پر نہیں آجاتیں قانون فطرت حرکت میں رہے گا ڈی ایچ اے کے کسی بھی کمرشل ایریا میں پلاٹ پر فزیبلٹی نہیں بنتی،38سالہ تجربے کانچوڑ چشم کشا تجزیہ

کراچی( تجزیہ :زاہداقبال)مارکیٹ میں اس وقت جو مندی ہے وہ گزشتہ چار دھائیوں میں آنے والی پانچویں مندی ہے، تاہم اپنے اثرات کی وجہ سے یہ سب سے شدید اورخطرناک ہے جس کی وجہ سے پورے مارکیٹ میں شدید مایوسی اور خوف وہراس کاعالم ہے تاہم بہت کم لوگ ایسے ہیں جن کو اس مندی کی اصل اور تمام وجوہات کا پوری طرح ادراک ہے ۔ زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ موجودہ حکومت ہی مکمل طورپر اس مندی کی ذمہ دار ہے تاہم ایسا نہیں ہے ، یہ سچ ہے کہ عمران خان حکومت کی پالیسیوں اور ٹیکسیوں میں اضافے نے مارکیٹ کو متاثر کیا ہے تاہم تاریخ کی اس بدترین مندی کی ساری کی ساری ذمہ داری موجودہ حکومت پر نہیں ڈالی جاسکتی ۔ آیئے دیکھتے ہیں وہ کونسے بڑے وجوہات ہیں جن کی وجہ سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ہے ۔

سب سے پہلی وجہ گزشتہ 10برسوں میں قیمتوں کا بہت بڑھ جانا ہے، اگر باریک بینی سے دیکھا جائے تویہ قیمتیں مصنوعی طریقے سے آسمان کی طرف گئی تھیں ۔ بلیک منی، گرے منی یا ان ڈاکومنٹڈمنی ، جو بھی نام دیا جائے لیکن اسی منی یادھن کا مارکیٹ میں راج تھا اور اس کی وجہ سے قیمتیں غیر فطری طورپر بہت زیادہ ہوگئی تھیں ۔ اس کا انداز اس بات سے لگایا جائے کہ اس وقت ڈی ایچ اے کے کسی بھی کمرشل ایریا میں پلاٹ پر فزیبلٹی نہیں بنتی ۔ جب ایسی صورتحال ہوتی ہے توپھر قانون فطرت حرکت میں آتا ہے ۔ اس وقت بھی قانون فطرت حرکت میں آیا ہوا ہے اور اس وقت تک متحرک رہے گا جب تک قیمتیں اپنی اصل سطح پر نہیں آجاتیں ۔ دوسری وجہ ایف بی آر اور نیب کی پکڑ دھکڑ ہے جس کی وجہ سے سرمایاکار خوف وہراس کاشکار ہیں اورانوسمنٹ سے گریز کررہے ہیں ۔ تیسری وجہ بنکوں کے سخت قوانین ہیں ۔ اس سے پہلے یہ ہوتا تھا کہ آپ جتنی چاہئے رقم جمع کریں یا نکالیں ، آپ سے کوئی نہیں پوچھتا تھا لیکن اب اس بارے بہت زیادہ پوچھ گچھ کی جاتی ہے،اب مارکیٹ ریٹ اور سرکاری ریٹ میں فرق بہت زیادہ یعنی کروڑوں کا ہے، اس لئے لوگ سوچتے ہیں کہ پراپرٹی بیچ کروہ رقم کہاں رکھے گا کیوں سرکارکے سامنے تواس نے پراپرٹی کی قیمت سرکاری قیمت کے مطابق دکھانی ہے، وہ سوچتا ہے کہ باقی رقم کہاں رکھے گا ۔ چوتھی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے اوپن لینڈ یعنی پلاٹوں کے لین دین کی حوصلہ شکنی شروع کردی ہے کیوں کہ وہ چاہتی ہے کہ کاروبار تعمیر شدہ پراپرٹی میں ہو تاکہ ملک میں جو ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے وہ پوری ہوسکے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ تعمیرات کے شعبے سے وابستہ 72صنعتوں کا پہیہ بھی چلے ۔ یہ توتھیں وہ بڑی وجوہات جن کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید مندی چھائی ہوئی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس مندی کاخاتمہ کب ہوگا اور مارکیٹ میں بہتری کب آئے گی ۔ اس سوال کاجواب ہم اپنے اگلے تجزیئے میں دینگے ۔ اگلے اتوار کو یہ تجزیہ پڑھنا نہ بھولئے گا ۔